مینگلور 27؍جون (ایس او نیوز)سورتکل بیچ پر سیر کے لئے آنے والے دو نوجوان اس وقت مصیبت میں گھر گئے جب سیلفی لینے کے جنون میں وہ سمندر میں غرقاب ہونے کے قریب پہنچ گئے۔ان میں سے ایک تیرتے ہوئے کنارے پہنچ گیا تو دوسرے کو ماہر تیراکوں کی مدد سے بچا لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بنگلورو کے رہنے والے سات نوجوانوں کا ایک گروپ جنوبی کینرا کی سیرکے لئے آیا ہواتھا۔وہ لوگNITK سورتکل بیچ پر جب پہنچے تو ان میں سے دو نوجوان سمندر میں واقع چٹان پر پہنچ گئے اور اپنے موبائل پر فوٹو اتارنے میں مگن ہوگئے۔ اسی دوران سمندر میں اونچی لہریں اٹھنے لگیں۔اس وقت دونوں نوجوان گھبراہٹ اور خوف کاشکار ہوگئے۔لہروں کا اچھال ذرا سا کم ہوتے ہی ایک نوجوان سمندر میں کود پڑا اور تیرتے ہوئے ساحل تک پہنچ گیا،جبکہ دوسرا خوف کے مارے چلاتا اور مدد کے لئے شور مچاتا وہیں چٹان پر کھڑا رہ گیا۔چونکہ یہ صبح کا وقت تھا اس لئے ساحل پر ان نوجوانوں کے سوا کوئی بھی موجود نہیں تھا۔
خوش قسمتی سے اس وقت محکمہ ہوم گارڈ زکے ماہر تیراکوں کی ایک سات رکنی ٹیم کا وہاں سے گزر ہواجو ایک دن پہلے یہاں کے ششی ہیتلو نامی مقام پر غرقاب ہونے والی بوٹ کے rescue operation بچاؤ مہم کے لئے آئی ہوئی تھی۔انہوں نے ان نوجوانوں کی چیخ و پکار سنی اور پھر آگے بڑھ کر چٹان پر پھنسے ہوئے دہشت زدہ نوجوان کو رسی کی مدد سے کنارے تک لے آئے۔
منگلورو تحصیلدار مہادیوپا نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا اورمصیبت زدہ نوجوانوں کی بروقت مدد کرنے کے لئے ہوم گارڈ زکے تیراکوں کی ستائش کی۔حالانکہ اس مقام پر موسم خراب ہونے کی صورت میں سمندر میں نہ اترنے کی ہدایات کے ساتھ بورڈ نصب کردئے گئے ہیں ، مگر جوانی کے جوش اور بے پروائی کی وجہ سے اکثر اس طرح کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔